پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنے مبینہ جعلی ویڈیو کلپس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا فیک کلپ بھارت نے نہیں پاکستان ہی سے جاری ہوا، سکائی نیوز نے تحقیقات کے بعد اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔
علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے اور جعلی کلپس بنانے والوں نے نہ صرف انہیں بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر شرمندہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شرم لوگ جعلی کلپ بنا کر پوری دنیا میں رسوا ہو رہے ہیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لیے عوام کی محبت کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ وہ دلوں کے ہیرو ہیں اور برسوں تک دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بانیٔ تحریکِ انصاف عمران خان عالمی سطح پر بھی مسلم ہیں اسی لیے بھارتی میڈیا کے متعدد چینلز انہیں انٹرویو کے لیے رابطہ کرتے ہیں۔
اس موقع پر علیمہ خان نے ملکی سیاست میں دوہرے معیار پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہیہ لوگ مودی کو گھر بلائیں، ان کے ساتھ گھومیں تو سب ٹھیک لیکن اگر ہم بھارتی میڈیا پر بات کر لیں تو ہماری حب الوطنی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے نورین نیازی کا اے آئی کلپ بنایا گیا، پھر ان کے اپنے سکائی نیوز انٹرویو کا جعلی اے آئی کلپ بھی تیار کر لیا گیا۔ یہ جھوٹے کلپس بنا کر رسوائی کے سوا کچھ نہیں کما رہے، ہمیں دھمکیاں نہ دیں، جیلوں میں ڈالیں ہم ڈرتے نہیں۔