پنجاب حکومت نے دھند کے باعث سرکاری و نجی اسکول کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی۔
ڈی جی ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) ڈاکٹر عمران حمید شیخ نے کہا کہ صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 3 نومبر 2025 سے صبح 8:45 بجے سے پہلے نہیں کھولیں گے، نیا شیڈول 31 جنوری 2026 تک نافذ رہے گا۔
ڈاکٹر عمران حمید شیخ نے کہا کہ نئے اوقات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکول پر 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا، لاہور اور اطراف خطرناک حد تک بڑھتی اسموگ سے اسکول اوقات کار میں تبدیلی کا حکم دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 19 سے 30 اکتوبر تک لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 300 سے 400 تک پہنچا، فضا میں زہریلے ذرات کی خطرناک مقدار رپورٹ ہوئی۔
مذکورہ فیصلہ پنجاب بھر میں خاص طور پر لاہور میں ہوا کے معیار کے الارمنگ ریڈنگز کے سبب سامنے آیا جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 301 سے 400 کے درمیان خطرناک حد میں پہنچ گیا ہے۔
حکام نئے اوقات کار پر صبح کے ٹریفک کی رش کو کم کرنے اور پیک اوقات میں آلودگی کے اضافے کو کم سے کم کرنے کی امید لگا رہے ہیں۔