بھارتی ریاست راجستھان میں فوجی مشقوں کے دوران بھارتی ٹینک اندرا گاندھی نہر میں ڈوب گیا۔ جس کے باعث ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹینک میں دو اہلکار موجود تھے۔ حادثے کے وقت ایک سپاہی باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا لیکن دوسرا اہلکار ٹینک میں ہی پھنس گیا اور ٹینک ڈوبنے کے باعث اسکی موت واقع ہوگئی۔
بھارتی پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، سول ڈیفنس اور مقامی پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ بھاری مشینری کی مدد سے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد ہلاک شدہ اہلکار کی لاش ملنے میں کامیابی ہوئی۔
بھارتی حکام نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی فنی وجوہات اور حفاظتی انتظامات میں کسی ممکنہ کمی کا پتہ لگایا جا سکے۔ جبکہ فوجی حکام کے مطابق مشقیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں اور مزید احکامات تفتیش کے بعد جاری کیے جائیں گے۔