بالی ووڈ کے سینئر فلم ساز اور ہدایتکار ایم ایم بیگ اپنے گھر اندھیری ویسٹ میں مردہ پائے گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے فلمی حلقوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔
ایم ایم بیگ کے پبلِسِسٹ حنیف زویری کے مطابق بیگ صاحب کئی دنوں سے بیمار تھے اور گھر میں تنہا رہ رہے تھے۔ پڑوسیوں نے کئی دن تک ان کے دکھائی نہ دینے اور گھر سے بدبو آنے پر پولیس کو اطلاع دی۔
بھارتی میڈیا رپوٹ کے مطابق جب پولیس گھر کے اندر گئی تو بیگ صاحب کی لاش ملی اور فوری طور پر ان کی بیٹی کو اطلاع دی گئی۔ اس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کوپر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ ایم ایم بیگ نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کیا اور مشہور ہدایتکاروں جیسے جی او ایم پرکاش، وِمل کمار، اور راکیش روشن کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے کئی معروف فلموں میں حصہ لیا، جن میں آدمی کھلونا ہے، جیسی کرنی ویسی بھرنی، کرز چکانا ہے، کالا بازار، اور کشن کنہیا شامل ہیں۔
بیگ صاحب نے بطور ہدایتکار بھی کام کیا اور 1994 کی فلم ’’چھوٹی بہو‘‘ ڈائریکٹ کی، جس میں شلپا شیروڈکر مرکزی کردار میں تھیں۔
ان کی بیٹی بیبی گڈو (شاہندا بیگ) 1980 کی دہائی میں ایک معروف چائلڈ آرٹسٹ تھیں اور کئی مقبول فلموں میں جلوہ گر رہیں، جن میں ’’آخیر کیوں؟، ناگینہ، پیار کیا ہے پیار کریں گے، اور اولاد’’ شامل ہیں۔