کراچی: گلیٹ پاکستان لمیٹڈ نے اعلان کیا کہ امریکی کمپنی پروکٹر اینڈ گیمبل پاکستان میں اپنے تمام کاروباری آپریشنز بند کر رہی ہے۔ یہ فیصلہ کمپنی کے عالمی سطح پر تنظیم نو کے منصوبے کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔
کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائے گئے نوٹس میں واضح کیا کہ یہ اقدام ترقی اور قدر میں اضافے کے حصول کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ پی اینڈ جی کے مطابق وہ پاکستان میں اپنی مینوفیکچرنگ اور کمرشل سرگرمیاں بند کر دے گی تاہم مقامی صارفین کو تیسری فریق ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے مصنوعات فراہم کرتی رہے گی۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ چند ماہ کے دوران شیل، فائزر اور کریم جیسی متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے پاکستان سے اپنا کاروبار سمیٹ لیا تھا۔
قوم کو بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کا دریا بہنے والا ہے لیکن پٹرولیم کے شعبہ کی معروف کمپنی شیل، دواساز کمپنی فائزر، اور اب گھریلو مصنوعات بنانے والی پروکٹر اینڈ گیمبل پاکستان میں سالہا سال کام کرنے کے بعد اسے چھوڑ کر جارہے ہیں 🤔https://t.co/B0ollZkVDX
— Husain Haqqani (@husainhaqqani) October 2, 2025
دلچسپ بات یہ ہے کہ مارکیٹ نے اس خبر کو مثبت طور پر لیا اور گلیٹ پاکستان کے شیئرز میں 10 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جو 233 روپے پر بند ہوئے۔
پروکٹر اینڈ گیمبل جو پیمپرز، ٹائیڈ اور گلیٹ جیسے مشہور برانڈز کی مالک ہے، نے گزشتہ سال ہی عالمی سطح پر 7,000 ملازمین کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی کی جانب سے یہ قدم روس، چین اور وینزویلا جیسے ممالک میں بھی اٹھایا جا رہا ہے۔
ماہرین معاشیات کے مطابق بین الاقوامی کمپنیوں کے اس رجحان کے باوجود پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری آرہی ہے، جس کا ثبوت اسٹاک مارکیٹ میں 44 فیصد اضافہ اور بین الاقوامی ریکنگ ایجنسیوں کی جانب سے مثبت آؤٹ لک ہے۔
دیکھیں: احتجاج حق ہے مگر انتشار سے معیشت کو نقصان ہوتا ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر