امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز نے معروف میوزک پروڈیوسر و نغمہ نگار بینی بلانکو سے شادی کر لی۔ اس موقع پر سلینا نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں دونوں کو خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تقریب میں سلینا نے سفید رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا جبکہ بلانکو نے بلیک سوٹ اور بو ٹائی پہنی۔ تقریب سانتا باربرا کے ایک کھلے لان میں منعقد کی گئی جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات نے دونوں کو مبارکباد دی۔ سلینا کی مشہور سیریز “اونلی مرڈرز اِن دی بلڈنگ” کے سرکاری اکاؤنٹ نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ ان کی بیوٹی لائن ریئر بیوٹی نے بھی خوشی کا پیغام جاری کیا۔
سلینا گومز اور بینی بلانکو کی ملاقات کئی برس قبل ہوئی تھی اور دونوں نے گزشتہ سال منگنی کی تھی۔ اس سے قبل دونوں نے 2019 کے گانے “آئی کانٹ گیٹ اینف” پر بھی ایک ساتھ کام کیا تھا۔
بینی بلانکو کو عالمی سطح پر کئی ہٹ گانوں کے پروڈیوسر اور لکھاری کے طور پر جانا جاتا ہے جبکہ سلینا گومز اپنے کامیاب گانوں اور ہالی ووڈ سیریز میں بہترین اداکاری کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں۔ انسٹاگرام پر سلینا گومز کے فالوورز کی تعداد چار سو ملین سے زیادہ ہے جو انہیں دنیا کی مقبول ترین شخصیات میں شامل کرتا ہے۔
دیکھیں: شہباز شریف نے امریکی صدر کو امن کا علمبردار قرار دے دیا