پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے تصدیق کی ہے کہ لیگ کے اگلے ایڈیشن 2026 میں دو نئی ٹیمیں شامل کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے جلد نیلامی کا انعقاد کیا جائے گا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سلمان نصیر نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ہفتوں میں نئی فرنچائزز کے لیے بولی کا عمل شروع کرے گا۔
انہوں نے کہا، دو نئی پی ایس ایل فرنچائزز کے لیے نیلامی منعقد کی جائے گی، بولی دینے والوں کو شہروں کی فہرست دی جائے گی جن میں سے وہ ایک شہر منتخب کر سکیں گے۔
سلمان نصیر نے بتایا کہ پی ایس ایل کے آغاز سے متعلق تمام ابتدائی معاہدے، بشمول اسپانسر شپ اور فرنچائز لائسنس، لیگ کے10ویں سیزن کے اختتام پر مکمل ہو چکے ہیں، جس کے بعد لیگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام بڑے معاہدے ختم ہو چکے ہیں، تاہم ایچ بی ایل آئندہ دو سیزن، یعنی پی ایس ایل 11 اور 12 کے لیے ٹائٹل اسپانسر کے طور پر برقرار رہے گا۔
سلمان نصیر نے پی ایس ایل کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2015 میں جب لیگ کا آغاز کیا گیا تو حالات بہت مختلف تھے اور بین الاقوامی کرکٹ ابھی پاکستان واپس نہیں آئی تھی۔
ابتداء میں اسپانسرز کی دلچسپی محدود تھی، لیکن یو اے ای میں لیگ کے آغاز کے بعد مقبولیت تیزی سے بڑھی۔ حتیٰ کہ کووِڈ-19 کے دوران بھی پی ایس ایل کا سلسلہ نہیں رُکا۔
انہوں نے تمام فرنچائزز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت پی ایس ایل نے مشکل ادوار، سیاسی حالات اور خطے کی غیر یقینی صورتِ حال میں بھی اپنی پہچان برقرار رکھی۔
سی ای او نے مستقبل کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد اور پشاور کو آئندہ پی ایس ایل کے ممکنہ مقامات کے طور پر زیر غور رکھا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کہ لیگ کا دائرہ کار ان چار شہروں سے آگے بڑھے جہاں میچز عموماً ہوتے ہیں۔ پشاور اسٹیڈیم کے لیز کے معاملات زیر غور ہیں، اور دونوں شہروں کو طویل مدتی منصوبہ بندی میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی نئی ٹیمیں شامل ہوں گی،مقامات اور میچوں کی تقسیم سے متعلق فیصلے پی سی بی چیئرمین کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔
دیکھیں: راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے 5 وکٹوں پر 259 رنز بنالیے