فرانس کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے ‘‘فرانس 24 نیوز' کی حالیہ رپورٹ، جسے شاہ زیب والہ، سونیا گیزالی، اور اونڈین ڈی گال نے احسان اللہ احمد زئی کے ساتھ مل کر تیار کیا، پاکستان کی جانب سے غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی واپسی پالیسی کو جذباتی رنگ میں پیش کرتی ہے۔ رپورٹ کا عنوان ‘پاکستان: افغان مہاجرین کیلئے ایک آزمائش’ رکھا گیا، جس میں ایک افغان خاندان کی کہانی کو بنیاد بنا کر پاکستان کے فیصلے کو غیر انسانی اور ظالمانہ قرار دینے کی کوشش کی گئی۔
In the name of fighting terrorism, #Pakistan 🇵🇰 has been pursuing a policy of mass deportation of Afghan refugees.
— FRANCE 24 English (@France24_en) October 25, 2025
Watch this #REPORTERS movie by @ShahZaib_Wahlah, Ondine de Gaulle, and @soniaghe with Ihsan Ullah Ahmadzai, this Saturday at 10:10PM ➡️️https://t.co/MiGHl7gHtH pic.twitter.com/ZPKI93unMK
رپورٹ میں دکھایا گیا کہ محمد نامی افغان شہری، جو 1982 میں ہجرت کے بعد پاکستان میں پیدا ہوا، اب اپنے آٹھ بچوں کے ساتھ وطن واپس جانے پر مجبور ہے۔ فرانس 24 کے نمائندوں نے پولیس چھاپوں، بے دخلی کے خدشات، اور بچوں کے جذباتی مناظر کو اس انداز میں پیش کیا کہ ناظرین کے اندر ہمدردی پیدا ہو، مگر ریاستی پالیسی کے قانونی، سکیورٹی اور معاشی پہلوؤں کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق رپورٹ کا بیانیہ واضح طور پرلر و بر کی سوچ کی جھلک دیتا ہے، جو افغان اور پاکستانی شناخت کے فرق کو مٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ رپورٹ میں یہ حقیقت نہیں بتائی گئی کہ پاکستان نے گزشتہ 40 سالوں سے 40 لاکھ سے زائد افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کی ، ایک ایسی مثال جو دنیا میں کسی مغربی ملک نے نہیں دہرائی۔
مزید برآں، فرانس 24 نے یہ بھی نہیں بتایا کہ پاکستان 1951 کے ریفیوجی کنونشن کا فریق نہیں، تاہم انسانی بنیادوں پر افغان شہریوں کو دہائیوں تک پناہ دی گئی۔ جبکہ مغربی ممالک غیر قانونی تارکینِ وطن کو 40 گھنٹے سے زیادہ برداشت نہیں کرتے۔
رپورٹ کے اندازِ بیان اور مناظر میں واضح جذباتی شدت دیکھی گئی، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے اقدامات کو منفی طور پر پیش کرنا تھا۔ مبصرین کے مطابق، فرانس 24 کی یہ رپورٹ صحافتی توازن سے عاری ہے اور اس کا مقصد ایک قانونی انتظامی فیصلے کو بین الاقوامی تنازع کی صورت میں پیش کرنا ہے، جو نہ صرف صحافتی اصولوں کے منافی ہے بلکہ پاکستان کے خلاف منفی بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔