انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ڈے کے موقع پر برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی سمیت 52 ممالک نے افغانستان میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں طالبان کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق طالبان نے خواتین کو تعلیم، روزگار اور سیاسی شمولیت سے محروم کر کے ان کی عزت، سلامتی اور بنیادی حقوق کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، مذہبی اور نسلی اقلیتوں پر بھی دباؤ، پابندیوں اور من مانی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ممالک نے کہا کہ طالبان کی جانب سے دیے جانے والے “ظالمانہ سزائیں” بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ مشترکہ بیان میں واضح کیا گیا کہ طالبان کے اقدامات نہ صرف افغانستان کے بین الاقوامی وعدوں کے منافی ہیں بلکہ علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے بھی خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔
بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے فوری خاتمے اور ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ افغان عوام کو محفوظ اور باعزت زندگی فراہم کی جا سکے۔