برطانیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو افغانستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ برطانوی دفترِ خارجہ کے مطابق افغانستان میں موجود یا وہاں جانے کے خواہش مند برطانوی شہریوں کو گرفتاری، طویل قید اور دیگر سنگین خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال غیر مستحکم ہے جبکہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت افغانستان میں اپنے شہریوں کو قونصلر معاونت فراہم کرنے کی صلاحیت بھی محدود رکھتی ہے، جس کے باعث خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔
دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر امیگریشن اور سیکیورٹی پالیسیوں میں سختی کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکہ سمیت کئی مغربی ممالک نے غیر ملکی شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کرنے کے قومی سلامتی سے متعلق اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مغربی ممالک کی جانب سے سفری انتباہات اور پابندیاں خطے میں سیکیورٹی خدشات اور عالمی سیاسی حالات میں بڑھتی ہوئی بے یقینی کی عکاس ہیں۔