پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارت کے رویے پر واضح موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملانا چاہتا تو پاکستان کو بھی کوئی شوق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ باہمی تعلقات کا بنیادی اصول برابری اور باہمی احترام ہے۔ اگر بھارتی ٹیم میدان میں ہاتھ ملانے سے گریز کرتی ہے، تو ہمیں بھی اس کی کوئی خواہش نہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 2026 کے حوالے سے بھی اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والی لیگ شاندار اور پرجوش ہوگی اور اس کے لیے لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کو برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دو نئی فرنچائزز کے لیے 8 جنوری کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں تاریخی نیلامی ہوگی۔
محسن نقوی نے یہ بھی بتایا کہ اس سال ملتان سلطانز کی انتظامیہ کے معاملات پی سی بی خود دیکھے گا، جبکہ اگلے سال یہ ذمہ داری کسی سابق بین الاقوامی کرکٹر کو سونپی جائے گی۔
دیکھیں: پاکستان اور متحدہ عرب امارات: برادرانہ تعلقات کا نیا عہد