پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں 2 نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ شامل ہوگئیں، ایف کے ایس گروپ نے ٹیم 175 کروڑ روپے جبکہ اوزی ڈیولپرز نے ٹیم 185 کروڑ روپے میں خرید لی۔
پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کیلئے نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔
علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد بولی میں 9 پارٹیاں شریک تھیں۔
حیدرآباد پی ایس ایل میں شامل
پہلے ایف کے ایس گروپ نے پی ایس ایل کی 7ویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں خریدی اور ٹیم کیلئے حیدرآباد کا انتخاب کرلیا۔
مالک حیدرآبادٹیم فواد سرور کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں پلا بڑھا، ہم ٹیم خرید کر ہی جانا چاہتے تھے۔
سیالکوٹ پی ایس ایل میں شامل
پی ایس ایل کی 8 ویں ٹیم کیلئے خوب مقابلہ ہوا تاہم اوزی ڈیولپرز نے ٹیم 185 کروڑ روپے میں خرید لی اور ٹیم کیلئے سیالکوٹ شہر کا نام منتخب کیا۔
پی ایس ایل کی 7تویں اور 8 ویں ٹیم مجموعی طور پر 3ارب 60کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔
اس طرح پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت سے اب مجموعی ٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا۔
محسن نقوی کی مبارکباد
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ حیدرآباد، سیالکوٹ کا شامل ہونا پی ایس ایل کےلیے تاریخی لمحہ ہے، نیلامی کی رقم کوئی چھوٹی رقم نہیں ہے۔
پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں نیلامی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیم خریدنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں، فواد سرور اور حمزہ مجید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، حیدرآباد اور سیالکوٹ کے عوام کو بھی مبارک ہو۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج فرنچائز اونرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل پر اپنااعتماد ظاہر کیا ہے، حیدرآباد، سیالکوٹ کا شامل ہونا پی ایس ایل کےلیے تایخی لمحہ ہے، دونوں ٹیموں کی بولیاں صرف پی ایس ایل نہیں بلکہ پاکستان کی کامیابی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی شمولیت تمام پاکستانیوں کی کامیابی ہے، آج کی بڈ پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتمادکی عکاسی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اونرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے، پاکستان میں کرکٹ کو مزید مضبوط کریں گے، فرنچائز اونر کی پاکستان اور کرکٹ سے لگاؤ اور محبت صرف ملک کیلئے ہے، نئے فرنچائز اونر پاکستان کی کرکٹ کےلئے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج صرف ایک بولی نہیں لگی بلکہ پاکستان پر اعتماد کی کامیابی ہے، پی سی بی کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب مل کرملک اور کرکٹ کو مزید بلندیوں پر لےکر جائیں گے، ہم سب ملکر کرکٹ اور ملک کو اپنی منزل تک لے کر جائیں گے۔
پی سی بی کے سربراہ نے ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ٹیم ہی سب کچھ ہوتی ہے اور ٹیم کا ایک ایک ممبر اہم ہوتا ہے۔