پنجاب کے اضلاع جھنگ اور سرگودھا میں حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کاروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک خطرناک خودکش بمبار سمیت دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ کاروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق پہلی کاروائی جھنگ میں کی گئی جہاں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک انتہائی مطلوب خودکش بمبار کو دھر لیا گیا۔ دہشت گرد کے قبضے سے تیار خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے، جسے وہ ممکنہ طور پر کسی حساس ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا۔
دوسری جانب سرگودھا میں ایک اور اہم کاروائی کے دوران حساس اداروں پر حملوں میں ملوث ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار دہشت گرد پنجاب میں پولیس چوکیوں پر بڑے پیمانے پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے اور کارروائی کے لیے احکامات کے منتظر تھے۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان گرفتاریوں سے صوبے میں دہشت گردی کا ایک بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے جو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ ان کے دیگر سہولت کاروں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔