بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر، پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے فیصل مسجد اسلام آباد میں خطبہ جمعہ کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کی امن دشمن عناصر کے خلاف کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ان کوششوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جو حکومتِ پاکستان فتنوں اور جنگوں کی آگ بجھانے کے لیے کر رہی ہے۔
ڈاکٹر احمد سعد نے خاص طور پر وزیراعظم پاکستان کی مبارک کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے اللہ عزوجل سے دعا کی کہ وہ ان کی کوششوں، عمر اور عمل میں برکت عطا فرمائے اور اسلام و مسلمانوں کے لیے ان کی خدمات کا انہیں بہترین صلہ دے۔
عسکری قیادت کو خراج تحسین
ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان مبارک کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو سپہ سالار جنرل عاصم منیر انتھک محنت کے ساتھ جنگوں کی آگ بجھانے اور اسلامی ممالک میں فتنوں کو ختم کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آرمی چیف کی عمر اور عمل میں برکت دے، انہیں مسلمانوں کی طرف سے بہترین جزا عطا فرمائے اور ان کا حامی و ناصر ہو۔
دعا برائے نصرت و استحکام
پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد نے آرمی چیف اور ان کی ٹیم کے عزم کی مضبوطی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے قول و فعل میں درستی عطا فرمائے اور ان تمام کاموں میں مدد فرمائے جو وہ اپنے ملک پاکستان اور تمام اسلامی ممالک کی بہتری کے لیے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اللہ عزوجل سے التجا کی کہ ان عظیم خیر کے کاموں میں انہیں توفیق اور رہنمائی نصیب ہو اور اللہ ان کی نصرت فرمائے۔
امتِ مسلمہ کے لیے پیغام
خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان تمام کوششوں میں برکت ڈالے اور انہیں توفیق و مدد عطا فرمائے، بے شک وہ اس کا ولی اور اس پر قادر ہے۔ انہوں نے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم، ان کی آل اور تمام صحابہ کرام پر درود و سلام بھیجتے ہوئے امتِ مسلمہ کے اتحاد اور سلامتی کے لیے اپنی گفتگو کا اختتام کیا۔