اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل و بردباری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فریقین ایسے اقدامات سے گریز کریں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران امن کے لیے حاصل ہونے والی پیش رفت کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔
دورانِ گفتگو وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔
شہباز شریف نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صدر پزشکیان کو یقین دلایا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کے لیے اپنا مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
رابطے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت کی تھی۔
ایرانی صدر نے خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس ضمن میں پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو خصوصی طور پر سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر مسعود پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ان پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔