آزاد جموں و کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار جامِ شہادت نوش کر گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 14 جولائی کی صبح کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب شہری آبادی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس بزدلانہ کارروائی کے بعد امن و امان بحال کرنے کے لیے پولیس نے پیش قدمی کی، جبکہ معاونت کے لیے رینجرز کی نفری بھی موقع پر پہنچی۔
مسلح جتھوں نے امن و امان کے قیام کے لیے پہنچنے والے پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر جدید ہتھیاروں سے سیدھی فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر رینجرز کا ایک جوان شہید ہو گیا۔
دفاعی و سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے جدید اسلحے اور بارودی مواد کا استعمال باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پھیلائی گئی دہشت گردی ہے۔ شواہد سے واضح ہوتا ہے کہ یہ گروہ منظم انداز میں ریاستی رٹ کو چیلنج کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس بھیانک واقعے نے کالعدم کمیٹی کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ آزاد کشمیر میں امن و امان کی بحالی اور ریاستی رٹ قائم کرنے کے لیے مسلح جتھوں کے خلاف اب ایک فیصلہ کن سکیورٹی آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے۔