الغزالی یونیورسٹی کے چانسلر مفتی عبدالرحیم نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا قومی مفاد کے منافی ہے اور قرآن و سنت کی روشنی میں ریاست اور افواجِ پاکستان کی اہمیت کو سمجھنا ہر شہری کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کے بجائے ہمیشہ مستند معلومات کو ترجیح دینی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام منعقدہ سمر کیمپ 2026 میں ملک بھر سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات کی ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سمر کیمپ میں پاکستان کے 18 سے زائد مختلف اسٹیشنز سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات شریک ہوئے، جنہیں مفتی عبدالرحیم سے براہِ راست مکالمے کا موقع ملا۔
اپنے خطاب میں چانسلر الغزالی یونیورسٹی نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی دیانت داری، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ صلاحیت اور وطن سے وفاداری قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف ایک فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے، اور اس نازک موڑ پر قومی اتحاد اور یکجہتی ہی ملکی کامیابی کی اصل ضمانت ہے۔
مفتی عبدالرحیم نے دین کے نام پر فساد پھیلانے والے عناصر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کیا کہ خوارج دین کی غلط تشریح کرتے ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے لیے مسلمانوں ہی کے خلاف فتنہ و فساد برپا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو تاکید کی کہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور فتنہ پرور عناصر کے گمراہ کن نظریات سے دور رہیں۔