ٹانک روڈ پر ہتھالہ کے قریب دہشتگردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی کلاچی سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملہ تھانہ ہتھالہ کی حدود میں علی امین گنڈاپور فارم کے قریب ہوا، جہاں دہشتگردوں نے ڈی ایس پی کلاچی کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کی فائرنگ کا جواب دیا، جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران پولیس کی گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔
حملے میں ڈی ایس پی کفایت اللہ مروت سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں اے ایس آئی محمد نعمان اور لیڈی کانسٹیبل امبر بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حملے میں گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر اور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
دیکھیے: کراچی: سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن، کالعدم سپاہ محمد کا مطلوب دہشت گرد گرفتار