خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت کے طویل اقتدار کے باوجود صوبے کے کئی علاقے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے اپنے حلقے پی کے 70 کے عوام حکومتی دعوؤں اور عملی کارکردگی میں واضح فرق پر سراپا احتجاج ہیں۔
حلقے کے مکینوں کے مطابق سالہا سال سے اقتدار میں رہنے کے باوجود علاقے کے بنیادی مسائل حل نہیں کیے گئے۔ سڑکوں کی ابتر صورتحال، پینے کے صاف پانی کی قلت اور صفائی کے ناقص انتظامات شہریوں کے لیے مستقل عذاب بن چکے ہیں۔
سیاست اور مسائل
حلقہ پی کے 70 کے عوام نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی تمام تر توجہ صرف سیاسی اور جماعتی سرگرمیوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
شہریوں کا شکوہ ہے کہ اعلیٰ حکومتی عہدے پر براجمان ہونے کے بعد عوامی فلاح کے منصوبے پسِ پشت ڈال دیے گئے ہیں۔ ووٹ لے کر منتخب ہونے والے نمائندے اب حلقے کا رخ کرنے اور عوامی مشکلات سننے کے روادار بھی نہیں۔
ترقیاتی منصوبوں کی کمی
شہریوں نے شکوہ کیا کہ اتنے سال مسلسل صوبائی حکومت قائم رہنے کے باوجود حلقے میں کوئی نمایاں اور پائیدار ترقیاتی کام نہیں کروایا گیا۔ اسپتالوں اور اسکولوں کی حالتِ زار دن بہ دن بگڑتی جا رہی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران کیے گئے بلند و بانگ دعوے محض کاغذی ثابت ہوئے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ جماعتی محاذ آرائی سے نکل کر اپنے حلقے کی سنگین بدحالی کا فوری نوٹس لیں۔
دیکھیے: کے پی اور بلوچستان میں فورسز کی بڑی کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک