صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ کمیٹی قائم کر دی گئی۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، رانا ثناء اللہ، امیر مقام، شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی پر مشتمل مشترکہ وفد جمعہ کو پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر مذاکرات کیے جائیں گے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔
دیکھیے: پی ٹی آئی کا 4 اکتوبر لانگ مارچ، لائحہ عمل سامنے آگیا