سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں کرتے ہوئے 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کی گئی۔ یہ کارروائیاں عزم استحکام ویژن کے تحت کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 13 خوارج ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی۔ ذرائع کے مطابق نگرانی کے بعد خوارج کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔
دوسری جانب بلوچستان میں بھی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ یہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقوں سیاپشت اور کلی گشتری میں کارروائی کی گئی۔ اس دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ کارروائی کا مقصد ممکنہ دہشت گردوں کا خاتمہ ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دیکھیے: پکتیکا فضائی حملے: حافظ گل بہادر گروپ نشانہ بنا، مقامی شہری کا دعویٰ