لندن: سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عادل راجا کی جانب سے کنگز کالج لندن کی ایک عام علمی تقریب کو سازشی کہانی بنا کر پیش کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے ایک بند کمرہ لیکچر کو مبینہ خفیہ بریفنگ قرار دے کر من گھڑت پراپیگنڈا شروع کر دیا۔
حقائق کے مطابق عادل راجا نے اس تقریب میں شرکت کے لیے محض ایک عام ٹکٹ خریدا تھا۔ ٹکٹ خرید کر تقریب میں بیٹھنے سے کوئی شخص اسکالر، دفاعی ماہر یا خصوصی مہمان نہیں بن جاتا۔
تقریب میں کنگز کالج لندن کے محقق ڈاکٹر بلینڈن نے اپنی ذاتی تحقیق پیش کی۔ یہ نشست پہلے سے پبلک ڈومین میں موجود معلومات پر مبنی تھی، جس میں نہ کوئی انٹیلی جنس معلومات تھیں اور نہ ہی کوئی خفیہ نقشہ دکھایا گیا۔
عادل راجا نے اس سنجیدہ علمی گفتگو کو اپنے مخصوص مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین پاکستانی ایئرفیلڈز پر قبضے کی تیاری کر رہا ہے، جو سراسر بے بنیاد پراپیگنڈا ہے۔
سوشل میڈیا پر محض ویوز اور ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے پاک چین تعلقات کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک علمی مباحثے کو سنسنی خیز سازش کا رنگ دے کر جھوٹا بیانیہ تشکیل دیا گیا۔