غزہ پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فورسز کے حملے جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 4 فلسطینی شہید اور 9 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 1,505 فلسطینی شہید اور 5,332 زخمی ہوچکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 74,396 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب خان یونس میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں مزید 2 افراد کی شہادت کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود مسلسل حملوں کے باعث شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اقوام متحدہ نے غزہ میں امدادی کارکنوں اور امدادی تنصیبات کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا کہ بدھ کے روز اسرائیلی فائرنگ سے امدادی تنصیبات متاثر ہوئیں۔
اقوام متحدہ نے امدادی سرگرمیوں کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کی ہے، جبکہ غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔





