خیبرپختونخوا کے دو مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔ وادی تیراہ میں 4 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ لکی مروت میں کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ زاہد گل ہلاک ہوا۔
چار دہشت گرد ہلاک
باڑہ کی وادی تیراہ کے علاقے اکاخیل میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران شدید جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت حبیب آفریدی شلوبر، سکنہ باڑہ، کے نام سے ہوئی ہے۔ دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ماسٹر مائنڈ ہلاک
خیبرپختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق لکی مروت کے علاقے ایف آر لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ اس دوران دہشت گرد کمانڈر زاہد گل ہلاک ہو گیا، جس کا تعلق گل بہادر گروپ سے بتایا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا مرکزی منصوبہ ساز تھا۔ اس نے حملے میں استعمال ہونے والی بارود سے بھری گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی۔ وہ دہشت گردی کے متعدد دیگر واقعات میں بھی سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔
حکام کے مطابق زاہد گل بلی تنگ میں بینک ڈکیتی کے واقعے میں بھی ملوث تھا، جس کے دوران 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ لوٹی گئی رقم بنوں کے علاقوں بکاخیل اور جانی خیل میں دہشت گردوں کے گروہوں میں تقسیم کی گئی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد گل بہادر گروپ سے قریبی رابطے میں تھا اور کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا۔ دو ماہ قبل وہ نئی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے ایک خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔
خیبرپختونخوا میں ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔





