بلوچستان کے ضلع چاغی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی دالبندین میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کوئٹہ۔تفتان شاہراہ پر مسافروں کو ہراساں کرنے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث تھے۔
تفتان شاہراہ پر حملے
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد تجارتی گاڑیوں اور مسافر بسوں کو نذر آتش کرتے تھے۔ ان کارروائیوں سے ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی میں دونوں مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔





