سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ پرویز خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف افغانستان اور طالبان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی، اور صوبے میں حکومت کی تبدیلی و گورنر راج کی ذمے دار وہ خود ہے۔
مانکی شریف نوشہرہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صوبے میں ایسے حالات پیدا ہوئے کہ مجبوری میں گورنر راج نافذ کرنا پڑا۔ اگر پارٹی میں کوئی سوچنے سمجھنے والا ہوتا تو ایسا فیصلہ نہ ہوتا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کے تاریخی اجلاس کے بعد وفاق نے صوبے کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے اور این ایف سی کے واجب الادا فنڈز بھی جلد موصول ہو جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں پرویز خٹک نے واضح کیا کہ وہ فی الحال آزاد ہیں اور کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، تاہم صوبے کی بہتری کے لیے تمام سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔





