سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ نشانِ امتیاز (ملٹری) اور ہلالِ جرأت کے اعزازات سے نوازے گئے تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے مرحوم کی عسکری خدمات اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ فوج نے مرحوم کی مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔
اظہارِافسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق آرمی چیف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر زرداری نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کی پاک فوج کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔





