بلوچستان میں 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نفاذ کے بعد 10 محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جا چکی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن اور گڈ گورننس کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی لانا اور فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کیا جائے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرکے بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے سرکاری امور میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ مؤثر ڈیجیٹل نظام اپنانا ضروری ہے۔





