بھارت نے آئی سی سی خواتین ون ڈے عالمی کپ 2025 کا فائنل جیت لیا۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 53 رنز سے شکست دے کر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔ اوپنر شفالی ورما نے شاندار 87 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان ہرمن پریت کور نے 63 رنز بنائے۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی 246 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اوپنر لورا وولوارٹ کی 101 رنز کی شاندار سنچری بے نتیجہ رہی جبکہ بھارت کی اسپن باؤلر دپتی شرما نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا رخ موڑ دیا۔
فائنل میں شاندار کارکردگی پر شفالی ورما کو میچ کی بہترین کھلاڑی جبکہ ٹورنامنٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھانے پر دپتی شرما کو ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی خواتین ون ڈے عالمی کپ کے فائنل میں پہنچی تھیں۔ بھارتی شائقین کے لیے یہ کامیابی کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ بن گئی، جس نے پورے ملک میں جشن کا سماں پیدا کر دیا۔
دیکھیں: ایشز سیریز کے آغاز سے قبل ہی آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز پہلے ٹیسٹ سے باہر