ایران نے اپنی جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار چار ہزار کلومیٹر دور ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر دشمن کو حیران کر دیا ہے۔ ایرانی افواج نے بحرِ ہند میں واقع جزیرے ڈیاگو گارشیا پر امریکہ اور برطانیہ کے مشترکہ فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغ دیے، جو تہران کی جانب سے طویل ترین فاصلے پر کی گئی بڑی فوجی کاروائی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کے ساتھ ساتھ اسرائیل پر بھی میزائلوں کی برسات کی گئی ہے۔ وسطی اسرائیل میں متعدد ایرانی میزائل اپنے اہداف پر لگے، جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایران نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس کی کاروائی کے دوران اسرائیل کا ایک ایف سولہ جنگی طیارہ بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے دفاعی نظام نے اپنی فضائی حدود میں مزید کئی میزائل اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔ ایران کی اس اچانک اور وسیع پیمانے پر کی گئی کارروائی نے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کر دیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔