وزارت خزانہ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025۔26 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں 15 کھرب روپے کا مالی منافع ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سالوں میں ملکی معیشت شدید خسارے میں تھی۔
رپورٹ کے مطابق حکومتی پالیسی، برآمدات میں اضافہ اور ترسیلات زر نے معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کیا ہے۔ تاہم سیلاب اور سرحدی بندش کے باعث اشیائے ضروریہ کی سپلائی متاثر ہوئی، جس سے مہنگائی میں اضافہ دیکھا گیا۔
آمدن میں اضافہ
جولائی اور اگست کے دوران وفاقی آمدن میں 231 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے 3.27 کھرب روپے تک پہنچ گئی۔ یہ اضافہ اس بات کو واضح کرتا ہے کہ ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔
زرعی شعبے میں مشکلات اوربہتری
حالیہ سیلاب سے زرعی شعبے کو 430 ارب روپے کا نقصان پہنچا، جس سے چاول، کپاس اور گنا کی پیداوار شدید متاثر ہوئی۔ تاہم کسان کارڈ کے ذریعے زرعی قرضوں میں اضافے اور کھاد کی کم قیمت پر دستیابی سے زرعی شعبے میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔
برآمدات میں اضافہ
امریکا، چین اور یورپی ممالک میں معاشی سرگرمیوں کے بہتر ہونے سے پاکستانی برآمدات میں اضافے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ سیمنٹ اور آٹوموبائل سمیت کئی شعبوں میں صنعتی پیداوار میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کے پروگرامات
آئی ایم ایف کے کامیاب جائزے نے عالمی برادری میں پاکستان کے اقتصادی نظام پر اعتماد کو مزید پختہ کردیا ہے۔ حکومت نجکاری، ڈیجیٹلائزیشن اور سی پیک کے نئے مراحل کے ذریعے معاشی ترقی کو فروغ دینے پر کام کر رہی ہے۔
دیکھیں: پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی معاہدہ، 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع