پاک فضائیہ نے ملکی سطح پر تیار کردہ جدید ہتھیار “تیمور ویپن سسٹم” کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ انجام دے دیا ہے، جو قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فضائیہ کے مطابق تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل زمین اور سمندر پر موجود دشمن اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل 600 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور روایتی وارہیڈ سے لیس ہے۔ جدید نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے آراستہ تیمور میزائل انتہائی کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کی بدولت یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو مؤثر انداز میں چکمہ دینے کے قابل ہے۔
PAKISTAN AIR FORCE CONDUCTS SUCCESSFUL FLIGHT TEST OF TAIMOOR WEAPON SYSTEM
— DGPR (AIR FORCE) (@DGPR_PAF) January 3, 2026
03 January, 2026: Pakistan Air Force has successfully conducted the flight test of the indigenously developed Taimoor Weapon System, marking another significant milestone in the advancement of national… pic.twitter.com/pRSQkXgOXb
دفاعی ماہرین کے مطابق تیمور ویپن سسٹم کی درست نشانہ بازی کی صلاحیت پاک فضائیہ کی روایتی ڈیٹرنس اور آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرتی ہے، جس سے پاکستان کی مجموعی دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی ہے۔ اس کامیاب تجربے سے ملکی دفاعی صنعت میں تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔
تجرباتی پرواز کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ افسران کے علاوہ وہ ممتاز سائنس دان اور انجینئرز بھی موجود تھے جنہوں نے اس جدید ہتھیار کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس اہم کامیابی پر سائنس دانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے عزم کو سراہا۔ ایئر چیف نے اس موقع پر کہا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں جدید ٹیکنالوجی میں خود کفالت کے قومی عزم اور بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی ماحول میں قابلِ اعتبار روایتی دفاعی صلاحیت کے تسلسل کی عکاس ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کی مسلسل کوششوں کی واضح علامت ہے۔
دیکھیں: پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی: شفاف اور شہری مرکوز نظام کی جانب تاریخی اقدامات