امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کے درمیان آج جمعہ کے روز وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات متوقع ہے۔ یہ ملاقات عین ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب حالیہ بلدیاتی انتخابات سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ ہوا تھا۔
انتخابی مہم کے دوران صدر ٹرمپ نے ظہران ممدانی کو کمیونسٹ میئر قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ممدانی نے اوول آفس میں ملاقات کی درخواست کی ہے۔ دوسری جانب ممدانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملاقات کا مرکزی ایجنڈا عوامی تحفظ، اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور معاشی سلامتی جیسے عوامی مسائل ہونگے۔
ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ کے سامنے یہ بات واضح طور پر رکھیں گے کہ نیویارک کے شہریوں کے مفاد میں جو بھی ایجنڈا ہوگا وہ اس پر تعاون کے لیے تیار ہیں لیکن اگر کوئی معاملہ نیویارک والوں کے لیے نقصان دہ یا فائدہ مند ثابت نہ ہوا تو اسے مسترد کریں گے۔
ظہران ممدانی کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات اس سلسلے کا حصہ ہے جس میں نو منتخب میئرز کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی جاتی ہے۔ تاہم سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ماضی میں ایسے خصوصی وائٹ ہاؤس اجلاس کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں۔
دیکھیں: دہلی دھماکے پر بھارتی پراپیگنڈا بے نقاب: مبینہ مشتبہ شخص کی ویڈیو جعلی ثابت