نیویارک: پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور جموں کشمیر کے تنازعات کے حل کے بغیر امن کا قیام ناممکن ہے۔ عاصم افتخار نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق نوآبادیاتی نظام کے خاتمے سے متعلق کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے عالمی برادری کو فلسطین کی جانب توجہ دلائی۔
عاصم افتخار نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں 70ہزار فلسطینی جامِ شہادت نوش کرچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ان کے مطابق اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی کرتے ہوٗے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور رہائشی آبادیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے، جبکہ امدادی قافلوں اور صحافیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
دیکھیں: غزہ میں نسل کشی اور بربریت کے دو سال مکمل؛ 70 ہزار فلسطینی لقمہ اجل بن گئے