ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرو کا کوالیفائنگ راؤنڈ آج ہوگا، دنیا کے 37 جیولن تھرورز کوالیفائنگ راؤنڈ میں ایکشن میں ہوں گے۔
ورلڈ ایتھلیٹکس اور جاپان ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشنز کے زیر اہتمام جاپان میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے 20 ویں ایڈیشن میں جیولن تھرو مقابلے کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپس کا اعلان کر دیا گیا۔
گروپ اے میں 19 اور گروپ بی میں 18 تھرورز شامل ہوں گے، جن میں پاکستان کے ارشد ندیم کو مقابلوں کے لیے ہارٹ فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، 90
میٹر سے زائد تھرو کرنے والے 8 اتھلیٹس بھی ایکشن میں ہوں گے۔
اینڈری سن پیٹرس 93.07 ، ارشد ندیم 92.97، جولین پینگو 92.72 میٹر تھرو کر چکے ہیں، جولین ویبر 91.51، لوئس مریکو ڈی سلوا 91، جیکب ویلڈچ 90.88، نیرج چوپڑا 90.23 میٹر تھرو پھینک چکے ہیں۔
جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس میں ارشد ندیم، نیرج چوپڑا، سمیدھا رانا سنگھے، رمیش تھرنگا، روہت یادیو اور پش ویر سنگھ ایکشن میں ہوں گے، نیرج چوپڑا گروپ اے جب کہ ارشد ندیم گروپ بی میں شامل ہیں۔
مقابلوں میں 84.50 میٹر تھرو کرنے والا اتھلیٹ برائے راہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا، مجموعی طور پر 12 اتھلیٹس فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گے۔
گروپ اے کے مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3:10 پر شروع ہوں گے، گروپ بی کے مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق 4:45 پر ہوں گے، ارشد ندیم نے قوم سے کامیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔