خیبرپختونخوا پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، ضلعی پولیس اور سویلین انٹیلیجنس ایجنسیوں کے مشترکہ آپریشن کے دوران امبیری کلہ کرک میں ایک دہشتگرد کمانڈر ہلاک ہو گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق مذکورہ آپریشن چار گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہا، جس میں فتنۃ الخوارج کا کمانڈر نثار حکیم مارا گیا۔ آپریشن کے دوران چار سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے، جنکی حالت تسلی بخش بتائی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک شدہ دہشت گرد خیبرپختونخوا کی متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث بتایا جاتا ہے۔ ہلاک شدہ کمانڈر سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی، کرک پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے والے ہمارے جوان پاکستان کا فخر ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر اہلکار امن کے محافظ اور صوبے میں قیامِ امن کا سبب ہیں۔