ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے ایران کے صوبہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران جیش العدل کے 13 حملہ آور مار دیے ہیں جبکہ متعدد کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کارروائیاں آج صبح سویرے ایران کے شہر، خاش اور سراوان میں بیک وقت کی گئیں۔ ایرانی فورسز کے مطابق یہ آپریشن حالیہ مہلک حملوں کے بعد کیا گیا جن کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جیش العدل نے قبول کی تھی۔
جیش العدل نے ایک بیان میں تسلیم کیا ہے کہ اس کے جنگجو ایرانی سکیورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران مارے گئے ہیں۔ تاہم گروہ نے مزید تفصیلات جلد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں جیش العدل کی جانب سے دو بڑے حملوں کی ذمہ داری قبول کی گئی تھی جن میں ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان حملوں کے بعد ایران نے سیستان و بلوچستان میں کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ سرحدی علاقوں میں شدت پسندوں کے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔
دیکھیں: بلوچستان کے علاقے ژوب میں ہلاک ہونے والے 57 دہشت گردوں کی لاشیں افغانستان منتقل