بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے 14 دہشتگردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا۔ اطلاعات کے مطابق، خضدار کے علاقے زہری میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی جانب سے پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل سرچ آپریشن کیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنۃ الہندوستان کے دہشتگرد طویل عرصے سے علاقے میں سرگرم تھے اور عوام کو دھمکیاں دے رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں علاقے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔ آپریشن کے دوران 20 سے زائد دہشتگرد زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتنۃ الہندوستان مسلسل ناکامیوں کے باعث شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہونے کے بعد بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔
زہری کے عوام نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کے حق میں نعرے لگائے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔
وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے خضدار میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے، اور سیکیورٹی فورسز عوام کے تعاون سے بلوچستان کو امن و استحکام کی راہ پر گامزن رکھیں گی۔
دیکھیں: ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 13 ٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک