پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران انڈا مار دیا گیا، پولیس نے انڈا مارنے والی دونوں خواتین کو حراست میں لے لیا۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان کو انڈا مارنے کا واقعہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے قریب داہگل کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران پیش آیا، واقعے کے بعد افراتفری پھیل گئی اور علیمہ خان میڈیا سے گفتگو ملتوی کرنے کے بعد گاڑی میں بیٹھ گئیں۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان کو اڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنس کے دوران انڈا مار دیا گیا۔
— HTN Urdu (@htnurdu) September 5, 2025
انڈا مارنے والی دونوں خواتین کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ pic.twitter.com/9s4vXyWMjY
انڈا مارنے والے خواتین بھی واقعے کے فوری بعد فرار ہوکر اپنی گاڑی میں جابیٹھیں، تاہم پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے مکے برسا کر گاڑی کی اسکرین توڑ دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان پر انڈا پھینکنے والی خواتین کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔
اس حوالے سے ترجمان پولیس انسپکٹر سجاد الحسن کا کہنا ہے کہ انڈا پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا سے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور ایپکا کے افراد احتجاج کرنے آئے تھے، خواتین کے سوالات پر علیمہ خان کی جانب سے جواب نہ دینے پر انڈا پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث خواتین کو پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
دیکھیں: فیاض الحسن چوہان نے عمران خان پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کر دیے