پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ہر معاملے پر ایک دوسرے سے مشورہ کرتے ہیں۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’چاہے خارجہ پالیسی ہے، جنگ ہے، اقتصادی پالیسی ہے یا آئی ایم ایف ہے، ہر بات پر ہم مشاورت کرتے ہیں اور ہم ایک پیج پر ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت، اداروں اور عسکری قیادت کے درمیان ایسا ہی تعاون مستقبل میں بھی جاری رہا تو پاکستان اوج ثریا پہ پہنچ جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ سے انتہائی خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ان کے علاوہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے جبکہ امریکہ کی جانب سے نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرِ خارجہ مارکور روبیو ملاقات میں شامل تھے۔
وزیرِ اعظم شہبار شریف کا کہنا تھا کہ انھوں نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ذاتی دلچسپی لے کر جنگ بندی کروائی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ اگر آپ نے بروقت مداخلت نہ کی ہوتی تو نہ جانے حالات کتنے بگڑ جاتے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ انھوں نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ اس ہی وجہ سے پاکستانی قوم نے انھیں نوبل انعام کے لیے نامزد کیا ہے۔
دیکھیں: شہباز شریف نے امریکی صدر کو امن کا علمبردار قرار دے دیا
 
								 
								 
								 
								 
								 
								 
								 
															