اسرائیلی وزیر اعظم نے دوحہ حملے پر قطری وزیر اعظم سے معافی مانگ لی۔
نیتن یاہو نے وائٹ ہاوس سے قطری وزیر اعظم کو کال کی اور حملے پرمعافی مانگی۔
بعدازاں وائٹ ہاؤس نے آگاہ کیا کہ ٹرمپ نے اسرائیلی اور قطری وزرائے اعظم کی سہ فریقی کال کی میزبانی کی،اسرائیل اور قطر رابطوں کا سہ فریقی نظام اپنانے پر آمادہ ہوگئے۔
نیتن یاہو نے افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیلی حملے میں قطری گارڈ جاں بحق ہوا،ٹرمپ نے کال کے دوران اسرائیل اور قطر کے تعلقات کو مثبت سمت میں لانے کی ہدایت کی۔
نیتن یاہو نے تسلیم کیا کہ اسرائیل کی کارروائی سے قطری خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی،نیتن یاہو نے قطری خودمختاری کی خلاف ورزی پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے یقین دلایا اب ایسا حملہ نہیں ہوگا،تینوں رہنماؤں کی غزہ جنگ بندی منصوبے اور مشترکہ طور پر ایک محفوظ تر مشرق وسطیٰ کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔قطری وزیراعظم نے یقین دہانیوں کا خیرمقدم کیا،تینوں سربراہان نے غزہ جنگ بندی کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے رواں ماہ 9 ستمبر کو قطری دارالحکومت دوحہ پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مرکزی دفتر پر فضائی حملہ کیا تھا۔
حملے میں حماس رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت حماس کے 5 افراد اور ایک قطری سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔