معروف کھلاڑی ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔ کہا جارہاہے کہ یہ اقدام پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے مبینہ غیر قانونی انتخابات منعقد کرانے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق سلمان اقبال بٹ کے ساتھی حبیب شاہ پر بھی دس سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات بغیر آئینی منظوری کے منعقد کرائے۔ اسی سلسلے میں ان دونوں کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا تھا جسکی انہوں نے تعمیل نہیں کی۔
انکوائری کمیٹی نے تفصیلی جائزے کے بعد سلمان اقبال بٹ کے خلاف تاحیات اور حبیب شاہ کے خلاف دس سالہ پابندی کی سفارش کی تھی، جسے فیڈریشن نے منظور کرلیا ہے اور اس فیصلے کے بعد سلمان اقبال بٹ زندگی بھر کسی بھی قسم کی اتھلیٹکس سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
اتھلیٹکس فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق یہ قدم ادارے کے آئین اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر تھا۔ فیڈریشن نے یہ بھی واضح کیا کہ مذکورہ انتخابات کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔
دیکھیں: انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بھارت میں صفائی کے انتظامات کی قلعی کھول دی