چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی نے الزام لگایا ہے کہ امریکی انٹیلیجنس ایجنسی نے چین کے نیشنل ٹائم سینٹر کے اندرونی نیٹ ورکس پر سائبر حملے کیے اور حساس ڈیٹا چوری کیا۔
وزارت کے مطابق، امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے سائبر یونٹ نے نیشنل ٹائم سینٹر کے سسٹمز میں دراندازی کر کے خفیہ معلومات حاصل کیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی چین کے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی وسیع امریکی مہم کا حصہ ہے۔
چینی حکام نے مزید کہا کہ حملے کا مقصد سائنسی تحقیق اور قومی سیکیورٹی سے متعلق ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنا تھا۔ وزارتِ سلامتی نے دعویٰ کیا کہ تحقیقات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ امریکہ نے پیچیدہ ہیکنگ ٹولز استعمال کیے جو پہلے دیگر ممالک کے خلاف بھی بروئے کار لائے گئے تھے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چین اپنی سائبر سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرے گا اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکہ کی ’’جارحانہ سائبر سرگرمیوں‘‘ کے خلاف مؤقف اپنائے۔
امریکی حکام کی جانب سے تاحال اس الزام پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
دیکھیں: پاک امریکا تعلقات اور پاک افغان سرحدی کشیدگی پر چین کا مؤقف سامنے آگیا