پاکستان نے عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت اور غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر فی الفور ردّ عمل اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا۔
ترجمانِ دفترِ خارجہ پاکستان نے غزہ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمانِ دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی افواج کے حالیہ حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ دفترِ خارجہ کا کہنا تھا اس طرح کے اقدامات شرم الشیخ ہونے والے غزہ امن معاہدے کے سراسر خلاف ہیں، جو پاکستان، عرب ممالک، امریکا، یورپ اور اقوام متحدہ کی قیادت میں طے پایا تھا۔
دفتر خارجہ پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی غزہ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ اس موقع پر پاکستان نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے تحفظ اور غزہ جنگ بندی کے عملی نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان نے فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان نے اپنے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام میں ہے، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
دیکھیں: مصر کے شہر شرم الشیخ میں تاریخی غزہ امن معاہدے پر دستخط کر دیے گئے