مصر اور قطر نے تعمیراتی منصوبے کے شعبے میں 7.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ منصوبہ بحیرہ روم کے ساحلی صوبے میں تعمیر و ترقی پر مشتمل ہوگا۔ مصری ترجمان کے مطابق مذکورہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی شراکت داری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اعلامیے کے مطابق اس معاہدہ کو جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی۔
اس شراکت داری کے نتیجے میں قطر بحیرہ روم کے ساحلی علاقے میں تعمیراتی منصوبوں میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا، جس سے مصری معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں بھی آسانی ہوگی۔
معاشی ماہرین کے مطابق مذکورہ معاہدہ مصر کے لیے معاشی معاون ثابت ہوگا، جو اس وقت غیر ملکی قرضوں اور مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔ دوسری جانب قطر کے لیے یہ خطے میں اپنے معاشی اثر و رسوخ کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔
حالیہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین بڑھتی ہوئی اقتصادی قربت کی عکاسی کرتا ہے، جس سے خطے میں اقتصادی تعاون کے نئے دروازے کھلنے کی امید روشن ہوئی ہے۔