وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر جنرل لیا گوتیرز اور ان کی ٹیم کے ساتھ اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلوے کے اسٹریٹجک منصوبے مین لائن ون کی اپ گریڈیشن اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر حینیف عباسی کو بتایا گیا کہ ایم ایل ون پاکستان ریلوے کی معاشی اور جغرافیائی شہ رگ ہے جو ملک کی 80 فیصد مسافر ٹریفک اور 90 فیصد فریٹ کی نقل و حمل سنبھالتی ہے۔ وزیرِ ریلوے نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ٹریفک اور موجودہ انفراسٹرکچر کے حالات کے پیشِ نظر اس ٹریک کی فوری اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایم ایل ون صرف ایک ریلوے ٹریک نہیں بلکہ قومی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے کلیدی منصوبہ ہے، اور حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر جنرل نے منصوبے کی تیاری اور اب تک کی پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا اور منصوبے کے لیے تکنیکی اور مالی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کراچی تا روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن کا باضابطہ آغاز جولائی 2026 میں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرے گا اور ملکی معیشت میں استحکام اور ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔