بین الاقوامی میڈیا نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر لیا ہے۔ امریکی جریدے یو ایس اے ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق حکومتِ پاکستان کی اصلاحاتی پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی استحکام آنا شروع ہو گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نئی بنیادوں پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اصلاحات سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنا رہی ہیں۔ معدنیات تیزی سے ترقی کرنے والا شعبہ ہے جبکہ سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے میں بھی اہم مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
امریکی جریدے نے مزید کہا کہ پاکستان نجی شعبوں کے ساتھ پائیدار ترقی کو مضبوط کر رہا ہے اور ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ نیز بینکنگ شعبے نے ڈیجیٹل رجحان کے تحت صارفین کو جدید سہولیات فراہم کی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں اور معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کی کامیابی کو ظاہر کرتی ہے، جس سے پاکستان عالمی اقتصادی منظرنامے میں مضبوط پوزیشن حاصل کر رہا ہے۔