وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں کینسر ہسپتال اور کالج کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت اور علم سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی کینسر کے مریض رہنے کے تجربے کی وجہ سے اس بیماری کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلے آزاد کشمیر کے مریضوں کو علاج کے لیے دور دراز شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا جو تکلیف دہ اور مہنگا تھا۔ انہوں نے پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن، ایس پی ڈی، مخیر حضرات اور ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس منصوبے میں کردار ادا کیا۔
افتتاح کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہسپتال اور میڈیکل کالج کے مختلف شعبہ جات اور مشینری کا معائنہ کیا۔ انہیں ہسپتال کی تشخیص اور علاج کی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر سال تقریباً ایک ہزار نئے مریض اور دس ہزار فالو اپ مریض کینسر کے علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرتے ہیں۔ چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن راجا علی رضا انور اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے ہسپتال کے قیام کو اہم سنگِ میل قرار دیا۔
دیکھیں: پاکستان اور متحدہ عرب امارات: برادرانہ تعلقات کا نیا عہد