پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے بنگلہ دیش کے فضائی سربراہ کو مینارِ پاکستان کا ماڈل پیش کرنے کی تصویر سامنے آ گئی ہے، جو سفارتی اور دفاعی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
جاری ہونے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنرل عاصم منیر بنگلہ دیش ایئر چیف کو مینارِ پاکستان کا ماڈل پیش کر رہے ہیں، جبکہ پس منظر میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر نمایاں طور پر موجود ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ منظر تاریخی اور نظریاتی حوالوں سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مینارِ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، خودمختاری اور دو قومی نظریے کی علامت ہے، اور اس کا تحفہ دیا جانا پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی احترام، مفاہمت اور تعلقات میں بہتری کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان عسکری روابط اور سفارتی سطح پر رابطوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیاسی و دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ علامتی لمحہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک ماضی کے اختلافات سے آگے بڑھتے ہوئے مستقبل میں مثبت اور تعمیری تعلقات کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ اس تصویر کو سوشل میڈیا پر بھی بڑی تعداد میں شیئر کیا جا رہا ہے، جہاں صارفین اسے تاریخی تسلسل، نظریاتی وابستگی اور برادرانہ تعلقات کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔