بلوچستان کے وسط میں واقع ضلع دُکی قدرتی وسائل سے مالا مال ایک اہم علاقہ ہے جو اعلیٰ معیار کے کوئلے کی پیداوار کے باعث قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ دُکی کا کوئلہ نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ہے بلکہ صنعتی ترقی میں بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع دُکی سے یومیہ اوسطاً 2235 ٹن کوئلہ نکالا جاتا ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 33.5 ملین روپے بنتی ہے۔ یہ پیداوار مختلف صنعتی شعبوں، بالخصوص بجلی گھروں اور کارخانوں کے لیے ایک اہم ذریعہ توانائی فراہم کرتی ہے۔
کوئلہ کان کنی کا شعبہ دُکی میں 19 ہزار سے زائد خاندانوں کے لیے روزگار کا ذریعہ ہے، جس سے مقامی آبادی کی معاشی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔ حاصل ہونے والی آمدن سے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے مثبت اثرات علاقے کی مجموعی ترقی پر مرتب ہو رہے ہیں۔
امن و امان کی صورتحال کو بہتر اور ترقی کے عمل کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے سول انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز مشترکہ طور پر مؤثر اقدامات کر رہی ہیں۔ مقامی سطح پر امن کے قیام سے نہ صرف کان کنی کی سرگرمیاں محفوظ ہوئیں بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ضلع دُکی کی کوئلہ پیداوار قومی معیشت کے لیے ایک مضبوط سہارا ہے، جبکہ یہ علاقہ محنت، قدرتی وسائل کے بہتر استعمال اور قومی ترقی کی ایک روشن مثال کے طور پر ابھر رہا ہے۔
دیکھیں: پاک بحریہ کی شمالی بحیرۂ عرب میں بڑی مشق، جدید میزائل اور بغیر پائلٹ نظاموں کا کامیاب مظاہرہ